اسلام آباد، 15 اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کو’’ را‘‘ کا ایجنٹ بتا کر اور جاسوسی کے الزام میں پاکستان کی فوجی عدالت نے انہیں پھانسی کی سزا سنائی ہے۔ اس پر ہندوستان کے سخت ردعمل کے باوجود ایسا لگتا ہے کہ پاکستان اپنی حرکتوں سے باز نہیں آ رہا ہے۔ اب پاکستان مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ اس نے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں’’ را‘‘ کے تین مشتبہ ایجنٹ کو گرفتار کیا ہے۔ پاکستانی ’’ڈان‘‘ اخبار نے خبر دی ہے کہ راول کوٹ میں ایک بریفنگ کے دوران میڈیا کے سامنے مشتبہ افراد کاچہرہ چھپا کر پیش کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ تینوں مقبوضہ کشمیر میں ابباسپر کے تروتی گاؤں کے رہائشی ہیں۔ہندوستان نے اس پر کوئی رد عمل نہیں دیا ہے۔